راولپنڈی (لارڈ میڈیا): خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بنوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بارودی مواد سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں بھی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوارڈ کاپٹر کی مدد سے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


