تہران (لارڈ میڈیا): ایران اور عراق نے دوطرفہ سیکیورٹی اور عدالتی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے تہران میں ایرانی اعلیٰ سیکیورٹی و عدالتی حکام اور عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے صدر فائق زیدان کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
ایران کے عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں اور مختلف معاہدوں کے تحت عدالتی و قانونی تعاون میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی عدلیہ کی میزان نیوز ایجنسی کے مطابق فائق زیدان نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان عدالتی تعاون دونوں ممالک کے اس مشترکہ یقین کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے کہ دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے طے شدہ عدالتی معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
عراقی سپریم جوڈیشل کونسل کے صدر فائق زیدان منگل کو تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے دوطرفہ عدالتی تعاون اور ایران عراق تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایرانی حکام سے مشاورت کی۔


