اسلام آباد (لارڈ میڈیا) رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی میں ملکی درآمدات میں 19 فیصد اضافے کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق غذائی اجناس، گاڑیوں، ٹرانسپورٹ سامان اور مشینری سمیت مختلف اشیا کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں 80 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی اشیائے خورونوش درآمد کی گئیں جن کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 224 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ بچوں کے دودھ اور کریم کی درآمد 25 فیصد اضافے سے ایک کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہی جبکہ مصالحے، سویابین، پام آئل، چینی اور دالیں بھی درآمد کی گئیں۔
مزید یہ کہ مشینری کی درآمد میں 41 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر ایک ارب 31 کروڑ ڈالر کی مشینری درآمد کی گئی۔ پاور جنریشن، آفس، ٹیکسٹائل، زرعی، تعمیراتی اور ٹیلی کام مشینری شامل ہیں۔ دوسری جانب گاڑیوں سمیت ٹرانسپورٹ سامان کی درآمد 40 فیصد بڑھ کر 42 کروڑ ڈالر ہوگئی۔
خام کپاس سمیت ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد میں 15 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی مالیت 68 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ زرعی آلات اور کیمیکلز کی درآمد میں 23 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ان کا درآمدی حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
قیمتی دھاتوں کا درآمدی بل 73 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا جس کے نتیجے میں ملک کے تجارتی خسارے میں بھی 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


