اسلام آباد (لارڈ میڈیا): عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں قید تنہائی میں شدید ظلم اور ٹارچر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عظمی نے کہا کہ عمران خان نے ان سے کہا کہ سب کو بتائیں کہ ان کے ساتھ شدید ظلم ہو رہا ہے اور ان کا موازنہ مرسی سے کیا۔
ڈاکٹر عظمی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں رات ساڑھے آٹھ بجے اڈیالہ جیل بلایا گیا اور پھر پمز کی او پی ڈی میں لے جایا گیا۔ وہاں عمران خان موجود تھے جنہوں نے اپنی بہن کو بتایا کہ وہ دس ماہ بعد مل رہے ہیں۔
ڈاکٹر عظمی نے بتایا کہ پمز میں ڈاکٹر نے عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کیا اور ان کا بلڈ پریشر چیک کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی طبعیت ہیومن کنٹیکٹ کی کمی کے باعث بگڑ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ انہیں ٹی وی یا پڑھنے کا کوئی مواد نہیں دیا جا رہا اور ان کے ساتھ انسانی رابطہ نہیں کرنے دیا جاتا۔
ڈاکٹر عظمی نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر بالکل نارمل تھا لیکن انہیں شدید انزائیٹی کا سامنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ دس ماہ سے ان کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں۔


