لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال ان کا خواب تھا اور پورے پاکستان سے دل کے مریض یہاں علاج کے لیے آ سکتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دل کی بیماریوں کا علاج عوامی خدمت کا حصہ ہے اور سیاسی جماعتوں کو عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے اخراجات کے لیے فنڈ قائم کیا جائے گا اور جناح انسٹیٹیوٹ میں کل سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ شروع ہوگا۔ پنجاب کے عوام کے لیے امراض قلب کا مفت علاج ہوگا اور جدید ہائبرڈ کیتھ لیب بھی قائم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 16 کیتھ لیبز فعال ہو چکی ہیں اور ایئر ایمبولینس منصوبے پر کام جاری ہے۔ پنجاب میں سٹروک سے بچاؤ کا انجکشن مفت فراہم کیا جا رہا ہے اور ہوم ڈائیلاسز منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔


