بغداد (لارڈ میڈیا) ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر لوگ بھوکے ہوں تو فوجی طاقت کے باوجود حکومت قائم نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے امریکی معاشی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کو تیار ہونے پر زور دیا ہے۔
محمد باقر قالیباف عراق کے دورے پر بغداد میں ایرانی سفارت خانے میں ایرانی اور عراقی تاجروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ معاشی ترقی اور قومی پیداوار کی عدم موجودگی میں حکومت کا بچنا ممکن نہیں۔
انہوں نے ان پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان تجارت میں دونوں ممالک کی قومی کرنسیوں کے استعمال سے دوطرفہ لین دین میں ڈالر کا کردار کم ہوگا۔
قالیباف نے عراق میں شہید سپریم لیڈر کی تدفین کے چالیسویں کی تقریب میں شرکت کے دوران کہا کہ ایران اور عراق کو اپنی سلامتی اور اقتصادی ترقی کے لئے متحد ہونا ہوگا۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران پر واشنگٹن کی نئی پابندیاں عالمی تاریخ میں معاشی تنہائی کی سب سے بڑی مہم ہوں گی اور یہ ایرانی حکومت کو زوال کی طرف لے جائیں گی۔


