راولپنڈی (لارڈ میڈیا): پاکستان کے دورے پر آئے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لئے تعاون ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
شامی وزیر خارجہ نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کی اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔


