کیف (لارڈ میڈیا): روس کے فضائی حملوں میں یوکرین کے دارالحکومت کیف اور نواحی علاقے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے حملے میں درجنوں کروز، بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائلوں کے علاوہ 168 ڈرونز استعمال کیے۔
فضائیہ نے کہا ہے کہ تقریباً 90 فیصد ڈرونز اور زیادہ تر کروز میزائلوں کو مار گرایا گیا، تاہم بیلسٹک میزائلوں کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک کی جانب سے فضائی دفاعی میزائلوں کی بروقت فراہمی نہ ہونے کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ زیلنسکی نے حملے کو جنگ کے ساڑھے چار سالہ عرصے کے دوران انتہائی بے رحمانہ، منصوبہ بند اور بڑے پیمانے کے حملوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔


