چین نے بدھ کی صبح دوبارہ استعمال ہونے والا ژوچھوئے 3 راکٹ لانچ کیا اور پہلی بار اس کے پہلے مرحلے کی خشکی پر کامیاب ریکوری کی۔
ژوچھوئے 3 وائی 2 راکٹ نے بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 35 منٹ پر چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع ڈونگ فینگ کمرشل سپیس انوویشن پائلٹ زون سے پرواز کی۔
خشکی پر راکٹ کی واپسی کا عمل منصوبے کے مطابق مکمل ہوا اور اس کا پہلا مرحلہ ریکوری سائٹ کے مقررہ مقام پر آسانی سے لینڈ کر گیا۔ دوسرے مرحلے نے اپنے ساتھ موجود ’ہونگ ہو 03‘ سیٹلائٹ کو پہلے سے مقررہ مدار میں پہنچا دیا۔ خلائی پرواز کا یہ مشن مکمل طور پر کامیاب رہا۔
یہ مشن 10 جولائی کو لانگ مارچ 10 بی کے پہلے مرحلے کی سمندر میں جال کے ذریعے کامیاب ریکوری کے بعد انجام دیا گیا۔
یہ کھلنے والی لینڈنگ ٹانگوں کا استعمال کرتے ہوئے راکٹ کے پہلے حصے کو زمین پر کامیابی سے کنٹرول کے ساتھ واپس اتارنے کا چین کا پہلا تجربہ تھا۔ اس سے دوبارہ استعمال ہونے والی راکٹ ٹیکنالوجی میں چین کی ایک بڑی کامیابی ظاہر ہوتی ہے۔
چین کی کمرشل ایرو اسپیس کمپنی لینڈ اسپیس کا تیار کردہ ژوچھوئے 3 چین کی قومی خلائی انتظامیہ سے نئی نسل کے ایسے راکٹ کے طور پر منظور شدہ ہے جو مائع آکسیجن اور میتھین سے چلتا ہے۔ یہ راکٹ کم لاگت، زیادہ گنجائش اور زیادہ تواتر والی لانچنگ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
اس راکٹ میں ایک مرکزی کور اور دو مراحل پر مشتمل ساخت اپنائی گئی ہے جس کی مجموعی لمبائی 66.1 میٹر ہے۔ دونوں مراحل میں راکٹ کے مرکزی ڈھانچے کا قطر 4.5 میٹر جبکہ پے لوڈ فیئرنگ کا قطر 5.2 میٹر ہے۔
راکٹ کا بنیادی ڈھانچہ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے جبکہ میتھین ٹینک کو مائع آکسیجن کے ٹینک کے اوپر رکھا گیا ہے۔ اس سے دورانِ پرواز مرکزِ ثقل کو بہترین توازن میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے پہلے مرحلے کو مائع آکسیجن اور میتھین سے چلنے والے ٹی کیو 12 اے کے 9 انجنوں سے طاقت ملتی ہے۔ان انجنوں کی تھرسٹ کو مقررہ طاقت کے 40 فیصد سے 110 فیصد تک ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
صنعتی ماہرین کا ماننا ہے کہ ژوچھوئے 3 کے تکنیکی طریقۂ کار کی کامیاب آزمائش میں مائع آکسیجن اور میتھین سے چلنے والا نظام، اسٹین لیس اسٹیل کا ڈھانچہ، عمودی لینڈنگ اور ریکوری شامل ہیں۔ یہ کامیاب آزمائش چین کے کم زمینی مدار میں سیٹلائٹ نیٹ ورک کی تعیناتی کو تیز کرنے میں مدد دے گی۔
جیوچھوان، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


