اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس موجود ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے چینی کی برآمد کے لیے پیپرا رولز کے تحت بین الاقوامی ٹینڈرز طلب کرنے کی اجازت بھی دی ہے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے، جو پیپرا رولز 2004 کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔ یہ چینی گزشتہ سال درآمد کیے گئے تین لاکھ میٹرک ٹن چینی کے باقی ماندہ ذخیرے کا حصہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق، چینی درآمد کرنے کی سفارش کابینہ کی منظوری سے قائم شوگر اسٹیئرنگ کمیٹی نے کی تھی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


