اسلام آباد (لارڈ میڈیا): گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے تمام طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن ایک سال کے لیے مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کا باضابطہ اعلان اسی ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان میں گوگل کے آفس کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ اور ان کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زیادہ کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں نو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو سہارا ملا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں گوگل جیمنائی فار ایجوکیشن کارنر کا افتتاح کیا اور کہا کہ گوگل دنیا بھر میں معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔


