لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسانی ہمدردی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد لاکھوں امدادی کارکنوں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو جنگ، قدرتی آفات، بھوک اور بے گھر ہونے جیسے بحرانوں میں متاثرین تک مدد پہنچانے کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔
دنیا کو آج جنگوں، موسمیاتی تبدیلی، بے گھر ہونے اور خوراک کے بحران جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں امدادی کارکن نہ صرف خوراک اور طبی سہولیات پہنچاتے ہیں، بلکہ امید بھی بانٹتے ہیں۔
عالمی ہیومینیٹرین ڈے کی بنیاد 19 اگست 2003ء کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں اقوام متحدہ کے دفتر پر بم حملے میں 22 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد رکھی گئی تھی۔ بحران کی گھڑی میں انسانیت کی مددگار ہاتھوں کی ضرورت ہوتی ہے، جنہیں ہیومینیٹرین ورکرز دنیا بھر میں متاثرین تک پہنچاتے ہیں۔
اس دن کا پیغام واضح ہے کہ بحران کوئی بھی ہو، انسانیت سب سے مقدم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ امدادی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور دنیا بھر میں ضرورت مند افراد تک مدد کی رسائی کو مؤثر بنایا جائے۔


