واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے جلد ملاقات کے لیے اپنے معاونین کو ہدایت دی ہے۔ یہ دعویٰ وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے کیا ہے۔ ٹرمپ کی کم جونگ ان سے یہ ملاقات نومبر میں ایشیا پیسیفک اکنامک کو آپریشن اجلاس کے دوران متوقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی آخری ملاقات 30 جون 2019 کو غیر فوجی زون میں ہوئی تھی، جہاں ٹرمپ نے مختصر طور پر شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھا۔ یہ ملاقات جون 2018 میں سنگاپور اور فروری 2019 میں ہنوئی میں ہونے والی سربراہی ملاقاتوں کے بعد ہوئی تھی۔
ان ملاقاتوں میں کوئی مستقل معاہدہ نہیں ہوا، خاص طور پر شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا معاملہ۔ اس کے برعکس، شمالی کوریا نے اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے مطابق حال ہی میں شمالی کوریا نے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔


