کوالالمپور (شِنہوا) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ایک چین کے اصول پر کاربند رہنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’تائیوان چین کا حصہ ہے۔‘‘
الجزیرہ کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں تائیوان کے معاملے پر پوچھے گئے سوال پر انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ایک چین کے اصول کو دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملائیشیا کا کوئی ایک صوبہ الگ ہونے کا فیصلہ کرے تو ’’میرا خیال ہے کہ میں اپنے ملک کی سالمیت اور اتحاد کا دفاع کروں گا۔‘‘
ملائیشیا اور چین نے 31 مئی 1974 کو سفارتی تعلقات قائم کئے تھے۔ اس روز دستخط کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں ملائیشیا نے عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کو چین کی واحد قانونی حکومت کے طور پر تسلیم کیا تھا اور یہ توثیق کی تھی کہ تائیوان عوامی جمہوریہ چین کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ ملائیشیا اس کے بعد سے مسلسل ایک چین کے اصول کی پاسداری کا اعادہ کرتا آ رہا ہے۔


