ہومتازہ ترینچینی مین لینڈ کی آبنائے پار تبادلوں میں رکاوٹ ڈالنے پر ڈی...

چینی مین لینڈ کی آبنائے پار تبادلوں میں رکاوٹ ڈالنے پر ڈی پی پی کی مذمت

بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ کے ایک ترجمان نے آبنائے پار تبادلوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور جھوٹے دعوؤں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے پر ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی) کے حکام پر شدید تنقید کی ہے۔

ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کی ترجمان ژو فینگ لیان نے یہ ردعمل پریس کانفرنس کے دوران ڈی پی پی حکام کی جانب سے مین لینڈ کے ساتھ تبادلوں کی حوصلہ شکنی یا محدود کرنے کے حالیہ اقدامات سے متعلق سوالات کے جواب میں دیا۔

ژو نے تائیوان کی ’مین لینڈ امور کونسل‘ کے ان دعوؤں کہ مین لینڈ کے داخلے اور خروج کے نئے ضوابط وہاں سفر یا ملازمت کرنے والے تائیوانی شہریوں کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں، پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تائیوانی باشندوں کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

ژو نے کہا کہ ان ضوابط کا بنیادی مقصد بیرونی سفر سے متعلق سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کا نظام بہتر بنانا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ داخلے اور خروج کی درخواستوں میں بتائی گئی وجوہات سچی اور قانونی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضوابط آبنائے پار تبادلوں میں شامل افراد کے جائز حقوق و مفادات کا تحفظ کرنے میں معاون ہوں گے اور مین لینڈ کا دورہ کرنے والے تائیوانی باشندوں کے لئے ایک بہتر قانونی ماحول فراہم کریں گے۔

ژو نے کہا کہ ڈی پی پی کے حکام بدنیتی کے ساتھ جان بوجھ کر خطرات بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں اور دھمکیوں، غلط معلومات اور دیگر ذرائع سے باہمی تبادلے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے تائیوانی حکام کے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ تائیوان کے نوجوانوں کے لئے مین لینڈ کا ایک پبلک سروس پلیٹ فارم ذاتی معلومات جمع کرنے یا سیاسی مقاصد پورا کرنے کے لئے بنایا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ ڈی پی پی کے حکام تائیوان کے نوجوانوں کے لئے میسر معلومات اور مواقع محدود کرنے کے ساتھ ساتھ اس پلیٹ فارم کو بھی جان بوجھ کر بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ژو نے زور دے کر کہا کہ آبنائے کے دونوں طرف بڑھتے ہوئے قریبی تعلقات کا رجحان روکا نہیں جا سکتا اور تائیوان کے نوجوانوں کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ کہاں ترقی کے مواقع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

تائیوان کے حکام کی جانب سے مین لینڈ کی ’زیڈ ایکس موٹو‘ کے پرزوں سے تائیوان میں تیار کی گئی موٹر سائیکل ضبط کرنے کے معاملے پر ژو نے کہا کہ یہ اقدام ڈی پی پی حکام کی ان کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جن کا مقصد مین لینڈ کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کا تائیوان میں داخلہ روکنا ہے۔

ژو نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام کی خواہشات منافی ہیں اور اس سے جزیرے کے کاروباری ماحول کو ہی نقصان پہنچے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں