اسلام آباد (لارڈ میڈیا) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان کی صحت اور اہل خانہ سے ملاقاتوں کے بارے میں کیس کی سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل تھے۔
عدالت نے عمران خان کو دو دن کے اندر شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے اور بانی پی ٹی آئی آئندہ سماعت تک اسپتال میں رہیں گے۔ عدالت نے ہفتے میں ایک دن اہل خانہ سے ملاقات کی بھی اجازت دی ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
تحریک انصاف سے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس پر سیاست نہ کرنے اور اسپتال کے باہر مجمع نہ لگنے کی یقین دہانی بھی لی گئی۔
دوران سماعت، جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی کس بہن کی ملاقات ہونی چاہئے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ عظمیٰ خان چونکہ ڈاکٹر ہیں، اس لیے ان کی ملاقات کرائی جائے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تمام میڈیکل رپورٹس، تین سال کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور بچوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرانے کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ میڈیکل ریکارڈ عدالت میں آجائے گا تو وہ خفیہ نہیں رہے گا۔


