راولپنڈی (لارڈ میڈیا): سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو شاندار اور تاریخی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی کا خاتمہ ہوگا۔
شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج کے فیصلے سے لوگوں کو یقین ہوا ہے کہ عدالتیں ابھی زندہ ہیں۔ انہوں نے جسٹس شاہد وحید کے فیصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے عدلیہ کی آزادی کو نمایاں کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کا فیصلہ عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے اہم ہے اور اس سے عدلیہ اور جسٹس شاہد وحید کے بنچ کا پرچم بلند ہوا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں جیلوں میں قید بے گناہ افراد کو رہائی اور سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج عدلیہ کی آزادی میں اضافہ ہوا ہے اور اسے چار چاند لگ گئے ہیں۔


