لاہور (لارڈ میڈیا): معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے بیٹے شاہ زمان علی خان کے ہمراہ استاد نصرت فتح علی خان کی قبر پر قوالی پیش کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ برسی کے موقع پر پیش کی گئی قوالی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں لوگوں کو پیسے ہوا میں اچھالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تقریب کی ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض کیا، بعض نے قبر کے قریب قوالی کے انداز کو نامناسب قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ قبر کا احترام ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔
دوسری جانب، کچھ مداحوں نے اسے راحت فتح علی خان کا اپنے استاد اور چچا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا انداز قرار دیا۔
راحت فتح علی خان نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں نصرت فتح علی خان کے ساتھ پرفارم کیا اور بعد میں اپنی الگ پہچان بنائی۔ نصرت فتح علی خان کی وفات اگست 1997 میں ہوئی تھی، مگر ان کی قوالیاں اب بھی مقبول ہیں۔


