اسلام آباد (لارڈ میڈیا): دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کے پاکستان پر الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی سیکیورٹی کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت ایک جابرانہ ریاست ہے جو اقلیتوں کو دباتا اور اختلاف رائے کو خاموش کرتا ہے اور بیرون ملک دہشت گردی برآمد کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ الزامات عالمی توجہ کو بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹا سکتے۔ پاکستان نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔
دفتر خارجہ نے بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت قرار دیا۔ پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارت کی دہشت گردی کا احتساب کرے۔


