ماسکو (لارڈ میڈیا): یوکرین نے تین دنوں میں روس پر 1000 سے زائد ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ روسی دارالحکومت ماسکو پر حملوں کے دوران 620 ڈرون داغے گئے جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں روسی ای کامرس کمپنی کے ویئر ہاؤسز اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
دو دن قبل بھی یوکرین نے روسی شہروں پر 800 سے زائد ڈرون فائر کیے، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ یوکرینی فوج نے رات گئے روس کے روستوف علاقے میں میزائل فیول تیار کرنے والی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا۔ یہ حملے یوکرین کی جانب سے اب تک کے سب سے بڑے ڈرون حملے تھے۔
روسی حکومت نے برطانیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو ڈرونز کی فراہمی سے باز رہے۔ روسی سفارتخانے نے کہا کہ برطانوی ڈرونز روسی فوجی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہوئے ہیں۔
برطانوی وزارت دفاع نے روسی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو دفاع کے لیے ہتھیار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور وہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


