ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی وڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری گئے تو وہاں پاکستان میں بہت پیار ملا۔ سنی دیول ان دنوں اپنی فلم ‘بٹوارہ (1947)’ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو حال ہی میں بھارت سمیت کئی ممالک میں ریلیز ہوئی۔
اداکار نے اپنی فلم کی تشہیر کے لیے دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان میں کرتارپور راہداری کے دورے کا تجربہ شیئر کیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی پاکستان گئے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ نہیں، لیکن کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر جانے کا موقع ملا تھا۔
سنی دیول نے کہا کہ انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا اور وہاں کے فوجیوں نے بھی محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے درخواست کی کہ وہ پاکستان مخالف فلمیں نہ بنائیں، جس پر سنی دیول کا جواب تھا کہ وہ صرف کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص اپنے ملک سے محبت کرتا ہے اور برے لوگوں کو ختم کرنا چاہیے، معصوم شہریوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔


