اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جرات، لگن اور قربانیوں نے آزاد ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی۔
اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ آج ہم 25 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک باہمت قوم ہیں اور گزشتہ 8 دہائیوں میں عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ معاہدہ ہوا، جو تزویراتی تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ مکہ معاہدہ علاقائی امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی مظہر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ منائی گئی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کامیاب ردعمل کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں قومی عزم کی تجدید اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔


