کلرسیداں (لارڈ میڈیا): پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جانوروں کو پانی پلانے کے دوران مقامی ڈیم میں ڈوبنے سے ماں، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کلرسیداں کے گاؤں ترکھی میں 8 سالہ صبیح الحسن جانوروں کو مقامی ڈیم سے پانی پلا رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث ڈیم میں جا گرا۔ بچے کو ڈوبتا دیکھ کر اس کی 46 سالہ والدہ بینش اور 9 سالہ بہن عروج اسے بچانے کیلئے پانی میں کود گئیں، تاہم گہرائی زیادہ ہونے کے باعث تینوں ڈوب گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ماں اور بیٹی کو پانی سے زندہ نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا تاہم دونوں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے 8 سالہ صبیح الحسن کی لاش بھی ڈیم سے نکال لی۔ ایک گھر سے تین جنازے اٹھنے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ڈاکٹر سیدہ زینب حسین بھی موقع پر پہنچ گئیں، اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم کے اطراف حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
واضح رہے گزشتہ سال بھی کلرسیداں کے گاؤں ٹکل ڈھوک بابا میں ایک ہی خاندان کے پانچ بچے ندی میں ڈوب گئے تھے، جن میں سے تین بچے جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ دو کو بچا لیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اور دو بچے شامل تھے، جن کی عمریں 7 سے 8 سال کے درمیان تھیں۔


