تہران (لارڈ میڈیا) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ذرائع ابلاغ کے ذریعے توانائی کی عالمی مارکیٹ میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کی کوشش ہے کہ جنگ کو طول دے کر توانائی کی منڈی پر اثر انداز ہو۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل سے منسلک بعض عناصر موجودہ صورتحال کے حوالے سے امید افزا جائزے پیش کر رہے ہیں، لیکن جنگ کے حقیقی اثرات امریکی عوام اور صارفین کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں اور عالمی منڈی میں پیدا ہونے والی بے یقینی کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچ رہے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا کی مداخلت کا مقصد جنگ کے دورانیے کو بڑھانا ہے۔
عراقچی نے امریکی پالیسی اور میڈیا بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حقائق کو سامنے لانے کی ضرورت ہے تاکہ جنگ کے معاشی اثرات کو سمجھا جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔


