گیرونگ، شی زانگ (شِنہوا) مقامی حکام نے بتایا ہے کہ 26 اگست کو چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کی گیرونگ پورٹ سے ٹکرانے والے تباہ کن مٹی اور کیچڑ کے تودے کی وجہ نیپال میں ایک بلند پہاڑی گلیشیئر سے گرنے والا برف اور چٹان کا تودہ تھا۔
علاقائی حکومت کے اطلاعات کے دفتر کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس کے مطابق نیپال میں واقع ماؤنٹ لانگ تانگ لیرنگ کی جنوبی ڈھلوان پر تقریباً 5,200 میٹر کی بلندی پر ایک گلیشیئر ٹوٹا جس سے برف اور چٹانوں کا ایک تودہ گرا۔
یہ تودہ تیزی سے نیچے کی طرف تقریباً 4 ہزار میٹر کی بلندی تک گرا، پہاڑ کی ڈھلوان کو کاٹتا ہوا ایک بہت بڑے ملبے کے بہاؤ میں تبدیل ہو گیا اور تقریباً 1,800 میٹر کی بلندی پر واقع گیرونگ پورٹ تک پہنچنے سے پہلے تقریباً 22 کلومیٹر تک تیز رفتاری سے آگے بڑھتا گیا۔
اس آفت نے تقریباً 0.7 مربع کلو میٹر کے علاقے کو ملیا میٹ کر دیا جہاں واقع 27 عمارتیں اور متعلقہ سہولیات تباہ ہو گئیں۔
یہ نتائج چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹین ہیزرڈز اینڈ انوائرمنٹ کی کرائیوسفیئر ایمرجنسی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم نے ریموٹ سینسنگ مانیٹرنگ ڈیٹا اور میدانی علاقے سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے تجزیے کے ساتھ ساتھ موقع پر کئے گئے سروے اور تحقیقات کی بنیاد پر تیار کئے ہیں۔
علاقائی حکومت نے اتوار کی صبح بتایا کہ اس تباہ کن کیچڑ کے تودے کے نتیجے میں ہفتے کی شام 6 بجے تک گیرونگ پورٹ پر 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 546 دیگر لاپتہ تھے۔


