ہومتازہ ترینایف بی آر نے اسمگلنگ روکنے کیلئے کوسٹ گارڈ اور ایف سی...

ایف بی آر نے اسمگلنگ روکنے کیلئے کوسٹ گارڈ اور ایف سی کو اختیارات دے دیے

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کوسٹ گارڈ، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ/ساوٴتھ) کے اہلکاروں کو اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز کے مخصوص فرائض اور بعض اختیارات دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اختیارات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور سابقہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ کے اہلکار اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں ساحلی پٹی سے 50 کلومیٹر تک کے علاقے میں کسٹمز فرائض انجام دیں گے، جبکہ شہر کی میونسپل حدود اور دیگر مخصوص مقامات اس دائرہ اختیار سے خارج ہوں گے۔ کوسٹ گارڈ اہلکار حقیقی مسافروں کے سامان کی چیکنگ نہیں کریں گے اور جائز تجارتی اشیا اور عام شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کو تفویض کردہ اختیارات کسٹمز کے اختیارات کے متبادل نہیں ہوں گے بلکہ معاونت کے لیے استعمال ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر کوسٹ گارڈ اہلکار کسٹمز افسران کو معاونت فراہم کریں گے۔ اسمگلنگ کے شبہ میں ضبط کی گئی اشیا صرف قریبی کسٹمز اسٹیٹ ویئر ہاوٴس میں جمع کرائی جائیں گی۔

ضبط شدہ سامان کی رپورٹنگ کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے اور ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک کوسٹ گارڈ کے ونگ کا آفیسر کمانڈنگ کلکٹر آف کسٹمز کو ضبط شدہ اشیا کی تفصیلات فراہم کرے گا۔ ایف بی آر کے مطابق یہ نوٹیفکیشن 30 جون 2027 تک نافذ العمل رہے گا اور اس کی مدت ختم ہونے سے قبل کارکردگی کی بنیاد پر توسیع کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں