اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ریاستی سطح پر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران افغان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مداخلت نہیں کر رہا۔
ترجمان نے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو دوحہ فریم ورک سمیت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور ٹی ٹی پی و بی ایل اے جیسے عناصر کے استعمال کو روکنا ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ موثر سرحدی انتظام اور قابل تصدیق انسداد دہشتگردی اقدامات پر مبنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذاکراتی عمل میں عملی اور قابل تصدیق پیشرفت کو اہمیت دی جائے گی۔


