تہران (لارڈ میڈیا) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط لکھا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے دیگر ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات منقطع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں کیونکہ ان سے خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات تک رسائی محدود ہوتی ہے۔
ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی عائد کردہ یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کریں اور انہیں مسترد کریں۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات تبدیل کرنے کے لیے تیسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کا عمل فوری طور پر روکنا ہوگا۔


