اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاک امریکہ اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ایس آئی ایف سی کا دورہ کیا، جہاں دوطرفہ اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ امریکی وفد نے کراچی انڈسٹریل پارک اور دیگر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
پاکستان کے بڑھتے صنعتی اور مینوفیکچرنگ شعبے میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی نے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایس آئی ایف سی پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری، پائیدار شراکت داری اور معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔


