امریکہ (لارڈ میڈیا): امریکن ایئرلائنز کی پرواز 2398 میں دورانِ پرواز ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ لگنے سے کم از کم 4 افراد کے ہاتھ جھلسنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پرواز اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی اور اس میں تقریباً 133 افراد سوار تھے۔ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے کے پچھلے حصے میں موجود ایک مسافر کے لیپ ٹاپ سے دھواں اٹھنے لگا اور پھر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو کیبن میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔ فلائٹ اٹینڈنٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جلتے ہوئے لیپ ٹاپ کو تھرمل کنٹینمنٹ بیگ میں محفوظ کیا اور تقریباً چند منٹ میں آگ پر قابو پالیا۔ طیارہ ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا، جہاں ہنگامی عملہ پہلے سے موجود تھا۔
ایئرپورٹ حکام نے تصدیق کی کہ کم از کم ایک مسافر کو طبی امداد دی گئی اور اسے بعد میں فارغ کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں واقعے کو لیپ ٹاپ کی لیتھیم آئن بیٹری سے جوڑا جا رہا ہے، جو شدید گرم ہونے یا خرابی کی صورت میں دھواں اور آگ تیزی سے پیدا کر سکتی ہے۔


