غزہ سٹی (لارڈ میڈیا): مرکزی غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اتوار کو تین افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، اسرائیلی فوج نے ایک حملے میں "دہشت گرد” کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
الزوییدہ قصبے میں ایک فضائی حملے میں چار سالہ محمد عبدالسلام طہ سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ریسکیو سروس نے بتایا کہ زخمیوں کو دیر البلح کے الاقصیٰ شہداء اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک اور اسرائیلی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اسرائیلی فوج نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے ایک "دہشت گرد” کو نشانہ بنایا ہے اور مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد میں کمی تو آئی ہے لیکن یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں 1,286 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق اس دوران ان کے پانچ فوجی اور ایک شہری کنٹریکٹر ہلاک ہوئے ہیں۔


