تہران (لارڈ میڈیا) : ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر معاشی پابندیوں کو فوجی میدان میں شکست کا اعتراف قرار دیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے اقتصادی جنگ کا اعلان کیا ہے، جو دشمن کی فوجی میدان میں ناکامی کا بالواسطہ اعتراف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا فوجی محاذ پر کامیاب ہوتا تو اقتصادی جنگ کی ضرورت نہ پڑتی۔ ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ کوئی نئی بات نہیں، کیونکہ دشمن گزشتہ 47 برس سے اقتصادی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل نے کہا کہ ایران دشمن کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور اقتصادی جنگ کے اثرات کا سامنا کرنے کے لیے منصوبے موجود ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے اور پابندیوں کے باوجود کوئی تشویش نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ جنگوں میں دشمن کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور واشنگٹن کی آبنائے ہرمز پر کنٹرول کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔


