لاہور (لارڈ میڈیا) : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنی پڑے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، کسانوں کو سستی کھاد نہیں مل رہی اور سرکاری افسران بڑی گاڑیاں چلاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مذاکرات ایسے نہیں ہوں گے کہ حکومت کہے دھرنا ختم کریں اور ہم مان لیں، دھرنا تب ختم ہوگا جب حکومت ہمارے مطالبات عملی طور پر مانے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دھرنے شیڈول کے مطابق چل رہے ہیں اور کل خواتین نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مافیاز نے حکومت کے ساتھ مل کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی ہے۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دے رکھے ہیں جو آج آٹھویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔


