واشنگٹن (لارڈ میڈیا): ٹک ٹاک اور اس کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس نے امریکی محکمۂ انصاف کے ساتھ بچوں کی آن لائن رازداری سے متعلق مقدمے کے تصفیے پر 40 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ مقدمہ اگست 2024 میں دائر کیا گیا تھا جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک نے 13 سال سے کم عمر بچوں کی ذاتی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر جمع کیں اور استعمال کیں۔
یہ قانونی تصفیہ اس الزام کے بعد ہوا کہ ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس سے متعلق قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ امریکی قانون چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ کے تحت بچوں کی معلومات جمع کرنے کے لیے والدین کی رضامندی ضروری ہے۔
ٹک ٹاک کو اس تصفیے کے تحت فوری طور پر 30 کروڑ ڈالر ادا کرنے ہوں گے جبکہ مزید 10 کروڑ ڈالر کی رقم اس وقت ادا کی جائے گی جب عدالت ٹک ٹاک کی سابقہ کمپنی میوزکلی سے متعلق عدالتی حکم کو ختم کرے گی۔ یہ معاملہ 2019 کے مقدمے سے بھی جڑا ہے جب میوزکلی کے خلاف بچوں کی رازداری کے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی تھی۔


