پشین (لارڈ میڈیا) سیکیورٹی فورسز نے پشین کے علاقے یارو میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مارا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 33 ہزار 600 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ برآمد کی گئی منشیات کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا اور فیکٹری کو بھی مسمار کردیا گیا۔
فورسز نے چھاپے کے دوران آئس سمیت دیگر منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کر لیا۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 26 کروڑ 88 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
اس کارروائی کے دوران فیکٹری کی عمارت اور پیداواری یونٹس کو ہیوی مشینری کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ وہ صوبے میں منشیات کے کاروبار کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے پرعزم ہیں۔


