ہومتازہ ترینمریخ کے چاندوں کے راز جاننے کے لیے جاپانی مشن تیار

مریخ کے چاندوں کے راز جاننے کے لیے جاپانی مشن تیار

ٹوکیو (لارڈ میڈیا): جاپان نے مریخ کے چاندوں کے راز جاننے اور نظام شمسی کی تشکیل سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک خلائی مشن کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ جاپانی خلائی ادارے کے بغیر انسان کے خلائی مشن ‘مارٹین مونز ایکسپلوریشن’ کو آئندہ چند ماہ میں تانیگاشیما خلائی مرکز سے روانہ کیا جائے گا۔ یہ خلائی جہاز تقریباً 3 سال مریخ کے مدار میں رہے گا اور مریخ کے چاند فوبوس پر اترنے کی کوشش کرے گا۔

فوبوس کی سطح پر اترنے کے بعد خلائی جہاز کم از کم 10 گرام نمونے حاصل کرے گا، جبکہ آئیڈیفکس نامی گاڑی چاند کی سطح کا مشاہدہ کرے گی۔ مریخ کے دوسرے چاند ڈیموس کا خلائی جہاز صرف مشاہدہ کرے گا اور وہاں اترنے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔ مشن مکمل ہونے کے بعد نمونوں پر مشتمل واپسی کیپسول زمین کی جانب روانہ ہوگا اور 2031 میں آسٹریلیا میں اترے گا۔

جاپانی خلائی ادارے کے مطابق اس مشن کا مقصد مریخ اور اس کے چاندوں کی تشکیل کی تاریخ جاننا اور نظام شمسی کی پیدائش سے متعلق اہم شواہد حاصل کرنا ہے۔ مریخ کے چاندوں کی ابتدا سے متعلق ایک اہم نظریے کے مطابق یہ چاند مریخ سے ایک بڑے فلکیاتی تصادم کے نتیجے میں وجود میں آئے، جبکہ ایک دوسرے نظریے کے تحت یہ بیرونی نظام شمسی سے آنے والے سیارچے ہیں جنہیں مریخ کی کشش ثقل نے اپنی جانب کھینچ لیا۔

جاپانی خلائی ادارے کے مطابق ان دونوں نظریات میں سے درست نظریے کا تعین اس بات کو سمجھنے میں مدد دے گا کہ زمینی سیاروں پر زندگی کے لیے سازگار ماحول کیسے وجود میں آیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں