کراچی (لارڈ میڈیا): پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان دھرنوں میں شامل ہوں تاکہ حکومت کو پیغام دیا جا سکے کہ لیوی بھتہ قبول نہیں ہے۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس جبکہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز کے باہر کارکنان دھرنے دے رہے ہیں۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 25 کروڑ لوگوں کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت نے بریفنگ کے لیے کمیٹی بنائی ہے اور ان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ لاہور آئیں اور ہم ان کی میزبانی کریں گے۔ یہ دھرنا عوام کے لیے ہے، نہ کہ کسی پارٹی یا شخص کے لیے۔
دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے میں سہ پہر 3 بجے خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے حکومت پر زور دیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی لائی جائے تاکہ مہنگائی کا بوجھ عوام سے کم ہو سکے۔


