کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ کے 6 اضلاع میں سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز) 17 اگست سے نافذ کیا جائے گا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اس نظام کے آغاز کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
پہلے مرحلے میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔ ڈیجیٹل موبائل ایپ کے ذریعے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی سے مانیٹر ہوگی۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ پائلٹ اقدام ہے جو کامیاب ہونے پر پورے سندھ میں توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپلیکیشن کو یوزر فرینڈلی بنایا گیا ہے تاکہ ممکنہ تکنیکی مسائل کا بروقت حل ہو سکے۔
فریمز کے ذریعے حاضری لگانے کے لیے ہر استاد کے پاس ذاتی موبائل فون ہونا ضروری نہیں، استاد ہیڈ ماسٹر یا کسی ساتھی کے موبائل فون سے بھی اپنی حاضری لگا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باوجود حاضری درج کی جا سکے گی، جبکہ انٹرنیٹ دستیاب ہوتے ہی حاضری خودکار طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی۔
اساتذہ اپنی حاضری کا ریکارڈ خود دیکھ سکیں گے اور چھٹی کی درخواست گھر سے ہی آن لائن جمع کرا سکیں گے۔ انتظامی افسران اور اسکول سربراہان کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔


