عالمی منڈی (لارڈ میڈیا) ٹینکرز پر حملوں اور امریکہ، ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.15 ڈالر بڑھ کر 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں میں اس ہفتے کے اختتام پر بالترتیب 6 فیصد اور 5.4 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آئل مارکیٹ کے ماہر اینڈریو لیپوو نے کہا ہے کہ ٹینکرز پر نئے حملوں اور جنگ بندی کے معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے بعد تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود رہی تو یہ صورتحال ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔


