تہران (شِنہوا) ایران کے مرکزی فوجی کمانڈ خاتم الانبیاء سنٹرل ہیڈکوارٹر نے جمعرات کو کہا ہے کہ کوئی بھی تجارتی بحری جہاز یا آئل ٹینکر ایرانی مسلح افواج کی اجازت اور نگرانی کے بغیر آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے نہیں گزر سکا اور نہ ہی گزر سکے گا۔
ایرانی میڈیا پر نشر کئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں ہیڈ کوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ماضی کی طرح آبنائے ہرمز اب بھی ایران کے مکمل کنٹرول اور انتظام میں ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی معمول کے مطابق آمدورفت سے متعلق امریکی دعوؤں کو جھوٹا اور محض دروغ گوئی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے یہ جھوٹے دعوے اس کی فوج کی "مایوسی اور بے بسی” کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکی قیادت اور فوج ایرانی مسلح افواج کی طاقت اور مزاحمت کو اچھی طرح آزما چکی ہیں۔
ذوالفقاری نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق، ملکی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع سے دریغ نہیں کرے گا اور کسی بھی خطرے کا جواب دے گا۔
ان کے یہ بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پر اس دعوے کے بعد سامنے آئے ہیں کہ امریکہ آبنائے ہرمز پر” مکمل کنٹرول” رکھتا ہے۔
ایران نے 28 فروری کو آبنائے ہرمز پر اپنی گرفت مزید سخت کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے یا ان سے وابستہ بحری جہازوں کو محفوظ راستہ دینے سے روک دیا تھا۔ یہ اقدام ایران کی سرزمین پر دونوں ممالک کے مشترکہ حملوں کے بعد کیا گیا تھا۔


