استنبول (لارڈ میڈیا): ترک حکام نے انقرہ میں ٹرمپ کے طیارے پر حملے کی سازش کی اسرائیلی رپورٹ کو جعلی قرار دیا ہے۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ اسرائیل کی جانب سے تیار کی گئی ہے تاکہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو سبوتاژ کیا جا سکے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترک حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل نے انقرہ میں نیٹو سربراہی کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مبینہ سازش کی جعلی رپورٹ بنائی ہے۔ ان کے مطابق اس رپورٹ کا مقصد ایران کے ساتھ امریکی مذاکرات کو متاثر کرنا ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدے کی کوشش کر رہے تھے جس کا مقصد حالیہ جنگ کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا تھا۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی رپورٹ کا مقصد نیتن یاہو حکومت کو ٹرمپ کے محافظ کے طور پر پیش کرنا اور ایران کے ساتھ مذاکرات کو ناکام بنانا ہے، جبکہ امریکی صدر کے اردوان کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانا بھی اس کا حصہ ہوسکتا ہے۔
ترکی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ ہمارے لیے واضح ہے کہ اس رپورٹ کی صداقت کا کوئی امکان نہیں۔ اس طرح کی کوشش ترکیہ کو ایران کے ساتھ براہ راست محاذ آرائی کی طرف دھکیل سکتی تھی۔


