زمبابوے (لارڈ میڈیا): زمبابوے میں مسافروں سے بھری کشتی جھیل میں الٹنے سے 44 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت کشتی پر عملے اور بچوں سمیت 153 افراد سوار تھے، جبکہ کشتی کی گنجائش 90 افراد تک تھی۔ پولیس کے مطابق تیز لہر کے باعث کشتی الٹ گئی۔
زمبابوے کے سول پروٹیکشن یونٹ کے مطابق فیری پر 114 بالغ مسافر سوار تھے، جبکہ بچوں کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے بتایا کہ اب تک 44 لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور 77 افراد کو بچایا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں فوج، پولیس اور نجی ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ خراب موسم کے دوران کشتی ایک بڑی لہر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
زمبابوے کے وزیر بلدیات ڈینیئل گاروے کے مطابق صدر ایمرسن منانگاگوا نے ریاستی سطح پر آفت کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔


