بیجنگ (شِنہوا) چینی دارالحکومت بیجنگ میں بدھ کے روز جاری شدید بارشوں کے باعث انتظامیہ نے سیاحتی مقامات بند، بس سروسز اور تعمیراتی کام معطل کر دیئے جبکہ زیادہ خطرے والے علاقوں سے رہائشیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔
شہر بھر میں 151 سیاحتی مقامات اور 157 کیمپنگ سائٹس بند کرنے سمیت دیہی علاقوں میں قائم 4100 سے زائد گھریلو رہائش گاہوں پر قیام کی خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ 250 بس روٹس پر آمدورفت روک دی گئی اور 10 سب وے لائنوں پر ٹرینیں کم رفتار سے چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تفریحی کشتی رانی کی تمام خدمات بھی معطل کی گئی ہیں۔
بیجنگ میں منگل کی دوپہر سے بدھ کی صبح 8 بجے تک اوسطاً 23.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، می یون ضلع میں سب سے زیادہ 199.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق منگل کی شام 6 بجے تک پہاڑی دیہات، نشیبی علاقوں اور سیلاب و زمینی آفات کے خطرے سے دوچار دیگر مقامات سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
نگہداشت کے 271 مراکز سے 5 ہزار سے زائد عمر رسیدہ افراد کو منتقل کیا گیا جبکہ معذور افراد کے پانچ مراکز سے 280 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
شہر بھر میں زیر تعمیر 3357 مقامات پر کام روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام نے سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات مزید سخت کر دیئے جس کے تحت پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا کرنے کے لئے ڈیموں سے پہلے سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔
قومی موسمیاتی مرکز نے بدھ کے روز موسلا دھار بارشوں کا اورنج الرٹ دوبارہ جاری کیا ہے جس میں جمعرات کی صبح تک ملک کے وسیع علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


