ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشت 24 سال بعد ٹیلی ویژن پر واپسی کر رہی ہیں اور کوئز شو ‘کون ہونار کروڑپتی’ کی میزبانی کریں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شو امیتابھ بچن کے مقبول کوئز شو ‘کون بنے گا کروڑپتی’ کا مراٹھی ورژن ہے۔
شو کی انتظامیہ نے منگل کو پہلا پرومو جاری کیا جس میں مادھوری ڈکشت روایتی مہاراشٹری انداز میں نظر آئیں۔ پرومو میں وہ سبز اور سنہری ساڑھی کے ساتھ روایتی زیورات پہنے ہوئے ہیں۔
مادھوری نے مراٹھی زبان میں شو کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ شو پورے مہاراشٹرا کے گھروں میں گفتگو کا نیا سلسلہ شروع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘کون ہونار کروڑپتی’ جلد آ رہا ہے۔
اداکارہ نے یہ پرومو اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا اور کہا کہ وہ اس سفر کا آغاز کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔


