اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں روزانہ 1300 بچے غذائی کمی کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاک فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی کمپنیاں ترقی کر رہی ہیں اور گزشتہ سال فارما انڈسٹری کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑی ہے اور کمپنیوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈریپ اب تک 85 فیصد ڈیجیٹل ہو چکا ہے اور 9 اکتوبر کو نیا نظام متعارف کرایا جائے گا جس سے ادویات پر چیک اینڈ بیلنس ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی میں صرف 22 ڈرگ انسپکٹرز کام کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے نئے صوبے بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت چار صوبے تھے جبکہ آج آبادی ساڑھے 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے مگر صوبے اب بھی چار ہی ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے ملک مضبوط ہوگا۔
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے بڑی فوج کو شکست دی۔


