راولپنڈی (لارڈ میڈیا) موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔ رات ایک بجے سے شروع ہونے والی بارش صبح تک جاری رہی، جس سے نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی رہی۔ اس صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔
راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔ نالہ لئی کے کٹاریاں مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی 17.5 فٹ کی سطح تک بلند ہوچکا ہے۔
حکام کے مطابق صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ اور گوالمنڈی میں 15 فٹ سے بڑھ کر 17.5 فٹ ہوگئی ہے۔


