مقبوضہ بیت المقدس (لارڈ میڈیا): درجنوں یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور مسجد کے صحنوں میں تلمودی رسوم ادا کیں۔ اسرائیلی پولیس اور فوج نے مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آبادکاروں کے گروہ جمعہ اور ہفتہ کو سرکاری تعطیلات کے علاوہ روزانہ دو اوقات میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولتے ہیں۔ صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور دوپہر کے دھاوے کا دورانیہ ظہر کی نماز کے بعد شروع ہو کر 90 منٹ تک ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 116 یہودی آبادکاروں نے قابض اسرائیلی پولیس کی سخت سکیورٹی حصار میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں اشتعال انگیز گشت کیا۔
یہودی آبادکار باب المغاربہ کے راستے سے قابض پولیس اور مسلح سپیشل فورسز کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوئے، تلمودی رسومات ادا کیں، مبینہ ہیکل بارے بریفنگ لی اور باب السلسلہ کے ذریعے مسجد سے باہر نکل گئے۔
اسرائیلی پولیس نے مسلمان نوجوانوں اور نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا اور بعض افراد کے شناختی کارڈ ضبط کر لئے۔


