بیجنگ (شِنہوا) حکام کی جانب سے شدید بارش اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کئے جانے کے بعد بیجنگ نے منگل کے روز سیلاب سے نمٹنے کے لئے دوسرے درجے کی ہنگامی صورت حال نافذ کر دی، جو دوسرا بلند ترین درجہ ہے۔
بیجنگ کے محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی شام سے جمعرات تک شہر کے بیشتر علاقوں میں 6 گھنٹے کے اندر 100 ملی میٹر سے زائد جبکہ 24 اندر کے 150 ملی میٹر سے زیادہ بارش متوقع ہے۔
بیجنگ نے پیر کی صبح 10 بجے موسلادھار بارش کے حوالے سے نارنجی الرٹ جاری کیا، جبکہ فانگ شان، دا شنگ اور تھونگ ژو سمیت کئی اضلاع نے بلند ترین سطح کا ریڈ الرٹ جاری کیا۔
حکام نے کہا کہ زیادہ خطرے والے علاقوں کے رہائشیوں کو منگل کی شام تک محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔ تعمیراتی کام معطل رہیں گے جبکہ پہاڑی کیمپنگ سائٹس اور سیاحتی مقامات بھی بند کر دیئے جائیں گے۔
بدھ سے ملازمین کو مختلف اوقات میں کام شروع کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ حالات کے مطابق سکولوں میں تدریس اور بالمشافہ تربیتی سرگرمیاں معطل کی جا سکتی ہیں جبکہ بیرونی کھیلوں کی منظم سرگرمیاں روک دی جائیں گی۔
بیجنگ کے نکاسی آب کے حکام نے سیلاب سے نمٹنے والی 252 ٹیموں کو اسٹینڈ بائی پر رکھا ہے۔ 368 میٹرو سٹیشنوں، 33 ہسپتالوں اور بزرگوں کی نگہداشت کے 17 مراکز میں سیلابی رکاوٹیں نصب کرنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی تیز کر دیئے گئے ہیں۔


