ہومتازہ ترینچین میں ذاتی ڈیٹا سے متعلق جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن، اہم...

چین میں ذاتی ڈیٹا سے متعلق جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن، اہم مقدمات کی تفصیلات جاری

بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت عوامی سلامتی نے منگل کے روز شہریوں کی ذاتی معلومات کی خلاف ورزی سے متعلق 10 اہم کیسز جاری کئے، جس سے ڈیجیٹل دور میں ڈیٹا سے متعلق جرائم کے خلاف ملک گیر کارروائی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جاری کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

وزارت کے سائبر سکیورٹی بیورو کے مطابق ان کیسز سے ایسے منظم جرائم پیشہ گروہوں کا انکشاف ہوا جو لالچ، سائبر حملوں اور اندرونی ملی بھگت کے ذریعے لوگوں کا ذاتی ڈیٹا حاصل کرکے منافع کے لئے خرید و فروخت کرتے تھے۔

ایک کیس میں ایک گروہ نے لوگوں کو نقد رقم کا لالچ دے کر ان کے اصل نام پر ای کامرس اکاؤنٹس اور کاروباری لائسنس بنوائے اور پھر ان کی معلومات آگے فروخت کیں جنہیں منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا گیا۔

ایک اور کیس میں ملزمان نے وی چیٹ اور ڈوئین جیسے آن لائن پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں اصل نام سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس خریدے اور انہیں بیرون ملک جرائم پیشہ گروہوں کو فروخت کیا، جہاں ان اکاؤنٹس کو ٹیلی کمیونیکیشن اور آن لائن فراڈ کے لئے استعمال کیا گیا۔

وزارت نے بتایا کہ ان 10 کیسز میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔

حالیہ کارروائیاں چین میں ڈیٹا سے متعلق جرائم کے خلاف مسلسل جاری مہم کا حصہ ہیں۔ 2020 سے 2024 تک چینی پولیس نے مختلف خصوصی مہمات کے دوران شہریوں کی ذاتی معلومات کی خلاف ورزی سے متعلق 40 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے۔

وزارت کے مطابق 2025 میں سخت قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ نگرانی بھی مزید سخت کی گئی تاکہ سائبر سپیس میں نیٹ ورک، ڈیٹا اور معلومات کے تحفظ کے لئے زیادہ جامع نظام قائم کیا جا سکے۔

وزارت نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنائیں، معلومات لیک ہونے کا شبہ ہو تو فوری اطلاع دیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے قانونی طریقے اختیار کریں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں