تہران (لارڈ میڈیا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سعودیہ، ترکیے اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم سلامتی کا اصل سبب امریکا ہے اور خلیجی ممالک کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اگر کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہ ہو تو آبنائے ہرمز کھل سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمان کے ساتھ معاہدہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کا ضامن نہیں ہے اور اس معاملے پر عمان کے ساتھ معاہدے میں امریکا شامل نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے ساتھ فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں بلکہ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ عبوری معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو امریکا کے ساتھ بات چیت نہیں ہوگی۔


